این اے 249 پر ضمنی انتخاب: پی ٹی آئی کی الیکشن کی تاریخ بڑھانے کی استدعا

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے این اے249پر ضمنی انتخاب کی تاریخ بڑھانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا انتخابات عیدالفطر کے بعد اتوار کے دن کرائے جائیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے این اے249 پر ضمنی انتخاب کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ، خط پی ٹی آئی کراچی کےصدرخرم شیرزمان کیجانب سےلکھا گیا ہے

خط میں الیکشن کی تاریخ بڑھانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 13تاریخ سےماہ رمضان شروع ہورہاہے،لوگ عبادات میں مصروف ہوں گے۔

خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ الیکشن مہم کسی بھی امیدوارکےلیےانتہائی اہم ہوتی ہے، رمضان المبارک کےمہینےمیں بھرپورالیکشن مہم چلانہ ممکن نہیں، اس ضمن میں انتخابات کی تاریخ بڑھائی جائے، انتخابات عیدالفطرکے بعد اتوار کے دن کرائے جائیں۔

گذشتہ روز الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی خالی نشست این اے 249 سے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کیا تھا ، جس میں کہا گیا تھا کہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب 29 اپریل کو ہو گا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ امیدوار کاغذات نامزدگی 13 مارچ سے 17 مارچ تک جمع کرا سکیں گے، امیدواروں کے کاغذات کی اسکروٹنی 25 مارچ تک کی جائے گی جبکہ امیدوار ریٹرننگ افسر کی فیصلوں کے خلاف 29 مارچ تک ایپلٹ ٹربیونل میں اپیلیں دائر کر سکیں گے۔