پاکستان میں کورونا سے مزید 57 ہلاکتیں، 1502 نئے کیسز بھی رپورٹ

ملک میں کورونا سے مزید 57 افراد انتقال کر گئے اور 1502 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 37452 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1502 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 57 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 12185 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 5 لاکھ 59093 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 30225 ہے۔ اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1732 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 16683 ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں پسند کی شادی کرنے پر نوجوان کو قتل کردیا گیا

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 252296 ہوگئی ہے جب کہ 4171 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔ پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 162391 ہے اور 4982 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 18898 اور ہلاکتیں 197 ہو چکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 68972 اور 1976 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں 9334 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 276 افراد انتقال کرگئے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4923 اور 102 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 42279 ہے اور اب تک 481 مریض انتقال کر چکے ہیں۔