پی آئی اے کے رضاکارانہ طور پر ریٹائرڈ ہونیوالے ملازمین تاحال واجبات سے محروم

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لینے والے ملازمین اب تک اپنے واجبات سے محروم ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے 31 جنوری تک ملازمین کے واجبات ادا کرنے تھے اور حکومت نے ادائیگی کے لیے 9 ارب 84 کروڑ روپے کے فنڈ بھی پی آئی اے کو جاری کردیے تھے۔ ذرائع کے مطابق فنڈز ملنے کے باوجود پی آئی اے انتظامیہ ریٹائرمنٹ لینے والے ملازمین کو ادائیگی نہیں کر سکی۔

یہ بھی پڑھیں دہشتگردی کیخلاف پولیس کو صف اوّل پر لڑنا ہوگا: آئی جی بلوچستان

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے تمام اقدامات کر لیے ہیں، اکاؤنٹنٹ جنرل کی طرف سے آڈٹ کیا جا رہا ہے اور ملازمین کو آئندہ چند یوم میں مکمل ادائیگی کردی جائے گی۔

خیال رہے کہ پی آئی اے نے خسارہ کم کرنے کے لیے رضاکارانہ علیحدگی اسکیم متعارف کرائی تھی، پی آئی اے کے 2000 کے قریب ملازمین نے رضاکارانہ علیحدگی اسکیم کے تحت ریٹائرمنٹ لی تھی۔