تاوان کیلیے اغوا کیا جانیوالا بچہ بازیاب، اغوا کاروں میں پھوپھی زاد بھائی بھی شامل

خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک سے 20 جنوری کو اغوا ہونے والے 6 سالہ حذیفہ کو کے پی کے پولیس نے بھکر سے بازیاب کرکے 5 اغواء کاروں کو گرفتار کر لیا۔

ڈی پی او آفس ٹانک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی پی او سجاد احمد کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے تعاون سے کیے گئے آپریشن میں مغوی بچے کو بازیاب کر کے 5 اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :جعلی اینٹی کرپشن فورس بن کر سرکاری ملازمین کو بلیک میل کرنیوالے ملزمان گرفتار

چھ سالہ حذیفہ کو گرہ کوڑو خان سے 20 جنوری کو اغواء کیا گیا تھا جسے بھکر کی تحصیل منیکرہ منتقل کر دیا گیا تھا تاہم ٹانک پولیس نے حکمت عملی کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچے کو بازیاب اور 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اغوا کاروں میں بچے کا پھوپھی زاد بھائی بھی شامل ہے، اغواء کاروں نے مغوی بچے کی رہائی کے لیے 40 لاکھ روپے تاون کا مطالبہ کیا تھا۔