پشاور میں مزید 3 علاقوں کیلیے بی آر ٹی فیڈر روٹس منظور

پشاور کے مزید تین علاقوں کے لیے بی آر ٹی فیڈر روٹس کو توسیع دینے کی منظوری دیدی گئی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پی ڈی اے کے نئے سروس ریگولیشنز کی اصولی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں :لاہور: آن لائن امتحانات کا مطالبہ کرنیوالے 5 لاپتا طلبہ کا پتا چل گیا

اجلاس میں پی ڈی اے کے معذور ملازمین کو خصوصی کنونس الاؤنس دینے اور کوہاٹ روڈ، چارسدہ روڈ اور ورسک روڈ کا انتظام پی ڈی اے کے حوالے کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ ریگی للمہ، ورسک روڈ اورڈیفنس ہاوسنگ سکیم تک بی آر ٹی کے فیڈر روٹس کو توسیع دینے کی بھی منظوری دیدی گئی۔

اجلاس میں جی ٹی روڈ پر قائم ٹرک اڈے اور بس اسٹینڈ کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے زمین کی خریداری کی منظوری بھی دی گئی، مارچ کے آخر تک نئے بس اسٹینڈ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے ہدایت کی کہ پشاور ماڈل ٹاؤن کے مجوزہ منصوبے پر دی گئی ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت یقینی بنائی جائے۔