‘بریک ڈاؤن پر گھبرانے کی کوئی بات نہیں’

لاہور: پاکستان بھر میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاؤن پر عوام پریشان نہ ہوں گبھرانے کی کوئی بات نہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں عوام سے اپیل ہے کہ وہ صبر و تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔ ان کا کہنا تھا کہ فنی خرابی کو دور کیا جا رہا ہے، متعلقہ ادارے کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے پنجاب کے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر ای اوز اور ڈی پی او ز کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت بھی کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ اور پولیس افسران مستعدی سے فرائض سرانجام دیں، پولیس افسران اپنے علاقوں میں گشت مزید بڑھائیں، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

عثمان بزدار نے کہا ایس ایچ اوز تھانوں میں بیٹھنے کی بجائے ہمہ وقت خود پٹرولنگ کریں، پولیس گاڑیاں گشت کریں اور جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور تصویری ثبوت کے ساتھ رپورٹ صبح وزیراعلیٰ آفس میں جمع کرائی جائے جب کہ ان ہدایات پر فوری طورپر عمل کیا جائے۔ خیال رہے کہ گزشتہ شب پاکستان بھر میں بجلی کے ایک بڑے بریک ڈاؤن کے بعد تمام چھوٹے بڑے شہر اور دیہات تاریکی میں ڈوب گئے تھے اور کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود مکمل طور پر بجلی بحال نہیں ہو سکی ہے۔