رینجرز ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطح کا اجلاس، کراچی کی سکیورٹی کا ازسرنو جائزہ

کراچی: رینجرز ہیڈکوارٹر میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں سندھ بالخصوص کراچی میں موجودہ امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز ہیڈکوارٹر میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ڈی جی رینجرز میجر جنرل افتخار حسین چوہدری کی صدارت میں ہوا جس میں کمشنر کراچی، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ، جوائنٹ ڈی آئی جی آئی بی، تمام زونل ڈی آئی جیز اور دیگر افسران شریک تھے۔

ترجمان کےمطابق اجلاس میں سندھ بالخصوص کراچی میں موجودہ امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیاگیا اور کراچی کی سکیورٹی کا بھی ازسر نوجائزہ لیاگیا۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں سانحہ مچھ کی وجہ سے جاری احتجاج کے سلسلے میں اقدامات پر غور کیاگیا، پرامن احتجاج کرنے والوں کی سکیورٹی اور حفاظت کو یقینی بنانے پر غور اور تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل کیے جانے پر اجلاس میں اتفاق کیا گیا جب کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے بھی انتظامات مکمل رکھے جائیں۔