نومولود سیاسی نابالغ جہاں لاشیں دیکھتے ہیں گدھ کی طرح امڈ آتے ہیں: فردوس اعوان

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ نومولود سیاسی نابالغ لاشوں پر سیاست سے باز نہیں آ رہے، جہاں لاش دیکھتے ہیں گدھ کی طرح امڈ آتے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں سہولت بازار کا دورہ کیا اور اشیائے خورو نوش کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا، سبزیوں اور پھلوں کے نرخ معلوم کیے اور اپنے لیے مچھلی بھی خریدی، ایک کلو مچھلی کے عوض 1000 روپے کی ادائیگی کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سانحہ مچھ پر اپوزیشن کے غیر ذمہ دارانہ بیانات ملک دشمن ایجنڈے کو ہوا دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی نابالغ لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں، یہ سیاسی گدھ ہیں، جہاں لاشیں دیکھتے ہیں امڈ آتے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ساگ کو اپنی پسندیدہ ڈش قرار دیتے ہوئے اپوزیشن رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ برائلر مرغیاں میرے گاؤں آئیں تو انہیں ساگ کھلاؤں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت مافیا کی پیداوار نہیں، عوام کو ریلیف دینا ہماری ترجیح ہے۔