باکسر عامر خان کے عثمان بزدار کو گلے لگانے پر برطانوی میڈیا میں ہنگامہ

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو گلے لگانے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا، کورونا وائرس لاحق ہونے کے خطرے سے دوچار ہوگئے۔ عامر خان کے سردار عثمان بزدار کو گلے لگانے کے محض 48 گھنٹے بعد ہی وزیر اعلی پنجاب کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ۔

عامر خان نے 19دسمبر کو ایک ایک ہائی پروفائل باکسنگ ایونٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب کو گلے لگایا تھا۔ برطانوی باکسر کی عثمان بزدار کو’جپھی‘ کے دوران دونوں نے ماسک بھی نہیں پہنا ہوا تھا۔ عامر خان کی طرف سے چند دن میں کورونا وائرس سے متعلق قوانین کی مسلسل دوسری مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر برطانوی میڈیا نے آسمان سر پر اٹھا لیا ہے ۔

عامر خان نے اس کے ایک ہفتے بعد دبئی میں ایک تقریب کے دوران معروف پرتگالی فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کو بھی ایک ایوارڈ تقریب میں گلے لگایا تھا اور وہاں بھی دونوں کھلاڑیوں نے ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے۔ 33 سالہ عامر خان اور ان کی 29 سالہ اہلیہ فریال مخدوم پر اپنے دبئی اور پاکستان کے دورے کی وجہ سے پہلے ہی شدید تنقید ہورہی ہے کیونکہ فریال مخدوم میں بھی کورونا وائرس کی علامات موجود تھیں جس کا اظہار وہ اپنے انسٹاگرام فالوورز سے کرچکی تھیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے بین الاقوامی سفر کیا۔