کراچی میں سال نو پر کوئی سڑک بند نہیں ہوگی

کراچی: پولیس نے سال نو کے موقع پر ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے جس کے مطابق شہر میں سال نو کے موقع پر کوئی سڑک بند نہیں کی جائے گی۔ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق سال نو کے موقع پر 31 دسمبر سے یکم جنوری کی صبح تک کلفٹن میں ساحل سمندر سمیت شہر کے تمام تفریحی مقامات کی طرف جانے والے راستے کھلے رہیں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ سی ویو روڈ پر ٹریفک میکڈونلڈ سے ولیج ہوٹل کی طرف ون وے چلائی جائے گی جب کہ سی ویو جانے والے شہری عبدالستار ایدھی ایونیو سے دو دریا کے رخ جاتے ہوئے خیابان اتحاد پر ایگزیٹ لے سکیں گے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق تمام ہیوی ٹریفک، واٹر ٹینکرز، ڈمپر اور ٹرک وغیرہ کو شام 6 بجے سے سڑکوں پر ٹریفک نارمل ہونے تک شہر کے مرکزی علاقوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔

ترجمان کے مطابق مین سی ویو روڈ، شاہراہ فیصل، عبداللہ ہارون روڈ، ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ، مائی کولاچی روڈ، کورنگی روڈ اور مولوی تمیز الدین خان روڈ سمیت مرکزی شاہراہوں پر کسی بھی قسم کی گاڑیوں کی پارکنگ منع کی گئی ہے۔ پولیس اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ بغیرہیلمٹ، ٹوٹے ہوئے سیلنسر، بغیر سیلنسر اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں یا موٹر سائیکل چلانے والوں، غفلت و لاپرواہی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی، ایسے افراد کو نہ صرف جرمانے کیے جائیں گے بلکہ انہیں قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس کے حوالے بھی کیا جائے گا۔