’’ایک کھلاڑی نے 11 کھلاڑیوں کو کونے میں محدود کردیا‘‘

لاہور: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کل جلسے کے آخر میں نواز شریف خالی کرسیوں سے خطاب کررہے تھے، ایک کھلاڑی نے 11 کھلاڑیوں کو کونے میں محدود کردیا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 150 ایکڑ کی جگہ میں سے 5 ایکڑ کی جگہ بھی پی ڈی ایم نہ بھر سکی، کل جلسے میں نواز شریف خالی کرسیوں سے خطاب کررہے تھے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے دو بچوں کو گود لیا ہوا ہے، بلاول کو کون بے وقوف کرے گا جبکہ اختیار زرداری کے پاس ہے۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری آخری شخص ہوں گے جو استعفوں کی حمایت کریں گے، وہ مولانا فضل الرحمان کے کندھوں سے نیچے اتریں گے تو ان سے بات کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم نے لاہور میں جلسہ کیا تھا، جلسے میں پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پنجابیوں کے خلاف تنقید کی تھی۔وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پی ڈی ایم جلسے میں محمود خان اچکزئی کے خلاف وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ان کی لاہور آمد پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔