پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس، لانگ مارچ کی حتمی تاریخ کا فیصلہ کیے جانے کا امکان

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہی اجلاس مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت جاری ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی عمرہ میں اپوزیشن اتحاد کا سربراہی اجلاس جاری ہے جس میں تمام جماعتوں کے مرکزی قائدین شریک ہیں۔

جاتی عمرہ میں ہونے والے اجلاس کی صدارت اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کر رہے ہیں جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ اجلاس میں لانگ مارچ کی حتمی تاریخ اور استعفے کب دیے جائیں گے؟ پر فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔
اس سے قبل پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی نے جنوری کے آخر یا فروری کے شروع میں لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والے اجلاس میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو پارٹی قائدین کے پاس 31 دسمبر تک استعفے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔