وزیراعظم عمران خان کا نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

وزیراعظم عمران خان نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کی صورت حال اور چیلنجز پر بریفنگ لی۔ نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے وزیرِ اعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور وزیراعظم نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

وزیرِ اعظم کو علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کی صورت حال اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ملکی بحری سرحدوں کے دفاع،گوادر بندرگاہ سمیت چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو سیکیورٹی کی فراہمی اور علاقائی امن کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاک بحریہ کو ہر طرح کا تعاون فراہم کریں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ حکومت معاشی ترقی میں میری ٹائم سیکٹر کی افادیت کے پیش نظر اس کے فروغ کےلیےکوشاں ہے، حکومت کی جانب سے 2020 کو بلیو اکانومی کا سال قرار دیا جانا بحری معیشت کی ترقی کےلیے حکومتی اقدامات کا مظہر ہے۔ امیرالبحر نے پاک بحریہ کی صلاحیتوں پر اعتماد کے اظہار پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ اللہ تعالیٓ کی مدد سے ملکی سمندری سرحدوں اور بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔