یونیورسٹی روڈ پر تیز رفتار بس الٹنے سے متعدد افراد زخمی

کراچی: یونیورسٹی روڈ پر نیو ٹاؤن کے قریب ریس لگانے والی بس تیز رفتاری کے دوران الٹ گئی جس سے متعدد افراد زخمیہوگئے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر حسن اسکوائر سے جیل کی طرف آنے والی بسوں کے درمیان تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریس لگانے والی ایک بس تیز رفتاری کے دوران بریک لگانے سے الٹ گئی جس کو عقب میں آنے والی بس نے بھی ٹکر ماری۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک پولیس، رینجرز اور ریسکیو ورکرز موقع پر پہنچ گئے اور بس میں سوار مسافروں کو شیشے توڑ کر باہر نکالا گیا۔ ایدھی ویلفیئر کے مطابق حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ٹریفک پولیس ہیلپ لائن کا کہنا ہے کہ حادثے سے یونیورسٹی روڈ کے شہر کی جانب آنے والے ٹریک پر ٹریفک متاثر ہوا جسے بحال کرایا جا رہا ہے جب کہ متاثرہ بس کو سڑک سے ہٹانے کے لیے بھاری مشینری بھی طلب کر لی گئی ہے۔