کراچی سے کالعدم تنظیموں کے چار مبینہ ہائی ٹیک دہشتگرد گرفتار

کراچی میں حساس ادارے اور ویسٹ زون پولیس نے اہم کارروائی کر کے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے چار مبینہ دہشتگرد گرفتار کرلیے۔

حکام کے مطابق حساس ادارے اور ویسٹ زون پولیس نے کراچی کے علاقے بنارس میں مشترکہ کارروائی میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے چار مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق چاروں دہشتگردوں کے پاس سے 60 کلوگرام دھماکا خیز مواد، 60 میٹر ڈیٹونیٹنگ وائرز، 16 ڈیٹونیٹرز اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار تین مبینہ دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اور ایک کا بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے ہے، چاروں دہشتگرد افغانستان سے بلوچستان کے راستے کراچی پہنچے تھے، کراچی پہنچ کر کالعدم ٹی ٹی پی کے مبینہ دہشتگرد بنارس پر ایک سرائے میں مقیم تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کالعدم بی ایل اے کا مبینہ دہشتگرد بارودی مواد اور بم بنانے کا سامان لے کر پہنچا تھا، چاروں کو افغانستان میں دہشتگردی کی ٹریننگ دی گئی، ٹریننگ کے بعد انھیں کراچی میں دہشتگردی کا ٹاسک دے کر بھیجا گیا تھا۔

حکام نے بتایاکہ مبینہ دہشتگردوں کو سماجی ویب سائٹ کی ایک آئی ڈی اور پاسپورڈ دیا گیا تھا، اسی آئی ڈی پر انھیں حملے کے لیے ٹارگٹ دیا جانا تھا۔ حکام کے مطابق کالعدم تحریک طالبان اور کالعدم بی ایل اے مل کر دہشتگردی کرنا چاہتے تھے، گرفتار مبینہ دہشتگرد میڈیا اور سوشل میڈیا کو خصوصی طور پر مانیٹر کرتے ہیں، ماضی میں بھی دہشتگردی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں۔