کورونا: آج سے 10 جنوری تک ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند

کورونا کی دوسری لہر میں شدت آنے کے ساتھ ملک بھر میں آج سے تعلیمی ادارے بند کردیے گئے۔

گزشتہ دنوں وزرائے تعلیم کانفرنس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 26 نومبر سے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وفاقی وزیر تعلیم کے اعلان کے تحت آج سے 24 دسمبر تک تمام اسکول، کالجز، یونیورسٹیاں اور مدرسے بند رہیں گے اور وہاں آن لائن کلاس ہوں گی تاہم ایسے اسکول اور تعلیمی ادارے جہاں آن لائن کلاسز کے انتظامات نہیں وہاں بچوں کو ‘ہوم ورک’ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دسمبر میں ہونے والے تمام امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔ وزرائے تعلیم کے فیصلے کے مطابق 25 دسمبر سے 10 جنوری تک تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیاں ہوں گی اور جنوری کے پہلے ہفتے میں صورتحال کا جائزہ لے کر 11 جنوری سے تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب بلوچستان کے تعلیمی ادارے 28 فروری تک بند رہیں گے۔