وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا دورہ کریں گے

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کو آج لاہور میں سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے پر بریفنگ دی جائے گی، اور راوی پروجیکٹ پر پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور کابینہ اراکین سے ملاقات کریں گے، صحت کے جاری منصوبوں سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ ذرایع نے بتایا کہ وزیر اعظم کو پنجاب میں کرونا سے متعلق اقدامات پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے 3 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے جب کہ 59 مریض جاں بحق ہوئے۔

وزیر اعظم کے دورہ لاہور کے موقع پر فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کا افتتاح بھی متوقع ہے، افتتاحی تقریب کو سافٹ انوگریشن کا نام دے کر 8 کلب منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، وزیر اعظم 8 کلب میں اس منصوبے کا افتتاح کر سکتے ہیں۔540 میٹر طویل انڈر پاس پر گزشتہ سال کام شروع ہوا تھا، ایک ارب 17 کروڑ کی لاگت سے اس انڈر پاس سے روزانہ ایک لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔