‘جو خود خواتین پر تشدد کر رہا ہو وہ عورتوں کو تحفظ کیسے دے گا؟’

خاتون کو تھپڑ مارنے والے پی ٹی آئی رہنما کی متنازع تعیناتی پر ساہیوال پوسٹ آفس کی سینئر پوسٹ ماسٹر خاتون آفیسر صوفیہ قاسم نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نوید اسلم نے صوفیہ قاسم کو مبینہ طور پر تھپڑ مارا تھا جس پر ان کے خلاف مقدمہ بھی درج ہے لیکن اب نوید اسلم کو ساہیوال میں ادارہ تحفظ خواتین میں ذمہ داریاں سونپ دی گئیں ہیں۔

اس تعیناتی پر صوفیہ قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ وہ انصاف کے لیے حکام سے رجوع کر سکتی ہیں کیونکہ نوید اسلم سیاسی پوزیشن کو استعمال کرکے مختلف طریقوں سے ان کے کیس پر اثر انداز ہو رہا ہے۔

صوفیہ قاسم نے کہا کہ پنجاب حکومت سے گزارش ہے کہ نوٹیفکیشن پر نظر ثانی کرے اور یہ عہدہ کسی اچھی شہرت والے شخص کو ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص خود خواتین پر تشدد کر رہا ہو وہ عورتوں کو تحفظ کیسے دے گا؟