کم عمر بچیوں کو اغوا اور خریدنے میں ملوث گروہ گرفتار

لاہور: پولیس نے کم عمربچیوں کو اغوا اور خریدنےمیں ملوث گروہ کو گرفتار کرلیا ، ملزمان کم عمرمعصوم بچیوں کواغوا اورخرید کر سندھ لے جاتے تھے۔

لاہور پولیس نے کم عمر بچیوں کو اغواء کرنے اور خریدنے کے مکروہ دھندے میں ملوث بین الصوبائی گروہ کو گرفتارکر کے ملزموں سے کم سن بچی کو بازیاب کرالیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تقریباًدو ماہ قبل نواں کوٹ سے 13سالہ معصوم بچی منہال لطیف کے اغواء کا مقدمہ درج ہوا تھا، گرفتار ملزمان میں گروہ کی سرغنہ نجمہ بی بی اور اس کے ساتھی وقار احمد اورصالح محمد شامل ہیں۔

ایس ڈی پی او نوانکوٹ سرکل عمر فاروق اورانچارج انویسٹی گیشن نوانکوٹ قمر ساجد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے گروہ کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کم عمر معصوم بچیوں کو اغواء کر کے اور خرید کر صوبہ سندھ لے جاتے تھے، تفتیش کے دوران مکروہ دھندہ کرنے والے بین الصوبائی گروہ کا انکشاف ہوا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ گروہ کے قبضہ سے معصوم بچی منہال لطیف کر باحفاظت بازیاب کر کے ورثاء کے سپر د کر دیا گیا ہے ، ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں جنہوں نے بچی کی بازیابی کے دوران پولیس پارٹی کے ساتھ شدید مزاحمت بھی کی۔