وزیراعلیٰ سندھ اور فریال تالپور کے پاس کتنے اثاثے ہیں؟ تفصیلات جاری

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے اراکین سندھ اسمبلی کے مالی گوشواروں کی تفصیلات جاری کردیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ 23 کروڑ 35 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، ان کے پاس ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی دوگاڑیاں ہیں جب کہ مراد علی شاہ کو والدہ کی طرف سے 100 تولہ سونا تحفہ ملا۔ اس کے علاوہ مراد علی شاہ کی بیٹی کے نام ڈی ایچ اے میں تین کروڑ مالیت کے دو پلاٹ بھی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور 39 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کی مالک ہیں، ان کے پاس 980 گرام کے زیورات اور ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی تین گاڑیاں ہیں۔ وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ 13 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں اور ان کے پاس 477 تولے سونا بھی ہے جب کہ صوبائی سہیل انور سیال 9 کروڑ 28 لاکھ روپے کے مالک ہیں۔ الیکشن کمیش کی تفصیلات کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی 10 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، ان کے پاس 6 کروڑ 16 لاکھ روپے بینک میں ہیں جب کہ 15 لاکھ کا اسلحہ بھی ہے۔
سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی 2 کروڑ 31 لاکھ روپے اثاثوں کے مالک ہیں اور انہوں نے گوشواروں میں 100 تولہ سونا بھی ظاہر کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے فردوس شمیم نقوی 33 کروڑ 40 لاکھ روپے کے مالک ہیں جب کہ حلیم عادل شیخ کے پاس 2 کروڑ سے زائد کے اثاثے ہیں۔