گندم اور چینی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست پر اپنا فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد(نیوزڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے گندم اور چینی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق درخواست وزیراعظم سیٹزن پورٹل کو بھیجتے ہوئے نمٹا دی۔

درخواست گزار شہری محمد زمان کے وکیل عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔وکیل درخواست گزار نےعدالت کو بتایا کہ آٹے اور چینی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دے ۔پاکستان کے چند شہروں میں آٹے کی فی کلو قیمت 70 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ جہانگیر ترین و دیگر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کا حکم دیا جائے۔ اس موقع پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا یہ عدالت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے؟پٹشنر کا منتخب نمائندہ کون ہے؟ایک پارلیمان ہے منتخب حکومت ہے ،یہ تو ان کا کام ہے جوعوام کو جواب دہ ہیں، ان پر اعتماد ہونا چاہیے ،عدالت کے اور بھی بہت سے کام ہیں،پٹشنر اپنے منتخب نمائندے کے سامنے یہ معاملہ رکھے عدالت نے درخواست متعلقہ فورم پر بھیجتے ہوئے نمٹا دی ۔