وزیر اعظم آج میانوالی کا دورہ کریں گے

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آج میانوالی کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار میانوالی میں وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کریں گے۔ دورہ میانوالی کے دوران وزیر اعظم فراہمی آب کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، اس کے علاوہ عمران خان کیڈٹ کالج میں ہاسٹل کا افتتاح کریں گے اور شجرکاری بھی کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان میانوالی کے عمائدین اور پارٹی عہدیداروں سے بھی خطاب کریں گے۔ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ کو کورونا کے باعث کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا جبکہ متعدد ریاستوں کی آزادی کی حمایت اور انسانی حقوق کے لیے پاکستان کو اپنے کردار پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والوں کی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی تنازعات کے حل کے لیے پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ کوششیں جاری رکھے گا۔