گندم کی فی من امدادی قیمت میں اضافے کا امکان

اسلام آباد: ذرایع کا کہنا ہے کہ ملک میں گندم کی فی من امدادی قیمت میں آج اضافہ کیا جائے گا۔

نیوز کے مطابق آج اسلام آباد میں مشیر خزانہ کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس ہوگا، جس میں 2 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں گندم کے دستیاب ذخائر کا جائزہ لیا جائے گا، گندم کی فی من امدادی قیمت میں اضافے کی سمری بھی پیش کی جائے گی۔

ذرایع کے مطابق گندم کی فی من امدادی قیمت میں 345 روپے تک اضافے کا امکان ہے، جس سے فی من قیمت 14 سو روپے سے بڑھ کر 17 سو 45 ہو جائے گی۔

گندم کی امدادی قیمت 1400 روپے فی من مقرر

خیبر پختون خوا نے گندم کی 18 سو روپے امدادی قیمت مقرر کرنے کی تجویز دی ہے، جب کہ پنجاب کی جانب سے گندم کی فی من قیمت ایک ہزار 650 روپے مقرر کیے جانے کی تجویز ہے۔

ذرایع نے کہا ہے کہ بلوچستان نے 17 سو 45 روپے فی من مقرر کرنے کی تجویز دی ہے تاہم سندھ نے فی من گندم کی امدادی قیمت کے لیے کوئی تجویز نہیں دی۔

گندم کی امدادی قیمت کے علاوہ اجلاس کے ایجنڈے میں زیرو ریٹڈ سیکٹر کے لیے بجلی وگیس کی رجسٹریشن سے متعلق سمری بھی شامل ہے۔