سی سی پی او لاہور حفیظ سنٹر پہنچ گئے، امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا

لاہور(نیوزڈسک) سی سی پی او لاہور عمر شیخ امدادی کارروائیوں کو مانیٹر کرنے حفیظ سنٹر پہنچ گئے۔ سی سی پی او لاہور عمر شیخ حفیظ سنٹر پہنچ گئے، عمر شیخ نے ریسکیو کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ سی سی پی او عمر شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک پلازے میں سے 25 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

انہوں نےکہا کہ پہلی ترجیح پلازے میں پھنسے افراد کو باہر نکالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک حصے میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ سی سی پی او نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تاجروں کے پلازے سے نکالے گئے سامان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے پوش علاقے گلبرک لبرٹی چوک کے قریب واقع الیکٹرانکس اسیسریز کی سب سے بڑی اور معروف مارکیٹ حفیظ سنٹر کے دوسرے فلور پر اتوار کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے فلور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق آگ لاہور کی معروف الیکٹرونکس مارکیٹ حفیظ سنٹر کے دوسرے فلور پر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے کچھ ہی دیر میں پورے فلور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث ہر طرف دھویں کے بادل چھا گئے۔واقعہ کی فوری اطلاع پر ریسکیو 1122کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔ریسکیو آپریشن میں آگ بجھانے والی 33 گاڑیوں اور 70 سے زائد ریسکیو اہلکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

ہفتہ وار تعطیل ہونے کی وجہ سے مارکیٹ میں لوگوں کا رش بہت کم تھا جس کی وجہ سے ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم آگ پر قابو پانے کیلئے ریسکیو آپریشن ابھی تک جاری ہے جبکہ نقصان کا تخمینہ آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد ہی لگایا جا سکتا ہے۔