ملک میں مزید 805 مریض کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے میں کامیاب

پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں دوبارہ تیزی دیکھنے میں آئی ہے، جس کو روکنے کے لیے سماجی فاصلہ رکھنا، ماسک پہننے کے علاوہ بار بار ہاتھ دھونا یا سینیٹائزر کا استعمال کرنا اب بھی ضروری ہے۔

ملک میں اب تک 3 لاکھ 22 ہزار 452 افراد مہلک وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جس میں سے 6 ہزار 638 مریض انتقال کر گئے جبکہ 3 لاکھ 6 ہزار 640 صحتیاب ہوگئے۔

آج 17 اکتوبر کی دوپہر تک کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کے مزید 306 کیسز سامنے آئے اور 11 مریض انتقال کر گئے، جس میں بلوچستان کے گزشتہ روز رپورٹ ہونے والے 23 کیسز بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 805 مریض کووِڈ 19 سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے جس کے بعد ملک میں فعال کیسز کی تعداد 9 ہزار 174 رہ گئی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز ایک ہی تاریخ یعنی 26 فروری کو سامنے آئے تھے جس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تعلیمی ادارے اور پر ہجوم مقامات کو بند کردیا گیا تھا بعدازاں لاک ڈاؤن نافذ کر کے ہر قسم کی سرگرمیاں محدود کردی گئی تھیں۔

تاہم معاشی چیلنجز کو دیکھتے ہوئے اپریل میں ہی حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنی شروع کردی تھی اور مئی میں متعدد کاروبار کھول دیئے گئے تھے جس کی وجہ سے جون میں پاکستان وبا پر عروج پر جا پہنچی تھی۔

بعدازاں جون میں حکومت کی جانب سے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کر کے وہاں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے اور ٹی ٹی کیو پالیسی کو مؤثر انداز میں اپنانے سے جولائی میں وبا کا پھیلاؤ سست ہوگیا تھا اور اگست سے ستمبر کے وسط تک صورتحال حوصلہ افزا رہی۔

آج ملک میں وبا کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب
پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں مزید 58 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 9 مریض انتقال کر گئے۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے بنائے گئے خصوصی سرکاری پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 58 نئے کیسز کے ساتھ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 425 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب مزید 9مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی تعداد 2 ہزار 288 تک جا پہنچی ہے۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 132 افراد کورونا وائرس سے متاثرہ پائے گئے جو گزشتہ کچھ عرصے کے مقابلے خاصی بڑی تعداد ہے، اس کے علاوہ ایک مریض انتقال کر گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مجموعی کیسز کی تعداد 17 ہزار 913 ہوگئی ہے۔

علاوہ ازیں ایک مریض کے انتقال کر جانے سے اموات کی تعداد 193 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر
ملک میں کورونا سے سب سے کم متاثر ہونے والے علاقے میں بھی کیسز کی تعداد میں بڑا اضافہ دیکھا گیا اور مزید 76 افراد کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے اور ایک مریض انتقال کر گیا۔

کووِڈ 19 کے سرکاری پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 ہزار 398 ہوگئی ہے۔

مزید ایک مریض کے زندگی کی بازی ہار جانے کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 81 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان
سیاحت کے لیے ملک میں معروف مقام گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 17 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

حکومت کے اکٹھا کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 4 ہزار 33 ہوگئی ہے۔

اس خطے میں کووِڈ 19 کے اب تک انتقال کرجانے والے مریضوں کی تعداد 90 ہے۔

صحتیابی کی شرح
کووِڈ 19 کے نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ صحتیاب مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 805 مریض اس وائرس سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے۔

اس طرح میں ملک میں صحتیاب مریضوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 6 ہزار640 ہوگئی ہے جو مجموعی کیسز کا 95 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 322452

اموات: 6638

صحتیاب: 6638

فعال کیسز: 9174