پاکستان میں ٹک ٹاک سے پابندی ہٹانے کے حوالے سے وفاقی وزیر آئی ٹی نے اہم اعلان کر دیا

اسلام آباد (نیوزڈسک)انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ٹیلی کام کے وفاقی وزیر امین الحق نے کہا ہے کہ شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک سے جلد ہی پابندی ہٹالی جائے گی۔

وفاقی وزیر امین الحق نے الیکٹرک موٹر سائیکلز کو چلانے کے آزمائشی منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹک ٹاک سے جلد پابندی ہٹائے جانے کا عندیہ دیا۔وفاقی وزیر امین الحقنے کہا کہ وہ خود بھی ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف ہیں اور انہیں امید ہے کہ شیئرنگ ایپلی کیشن انتظامیہ سے معاملات حل ہوجائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں امین الحق نے تصدیق کی کہ ٹک ٹاک انتظامیہ حکومت پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہے اور دونوں پارٹیوں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔امین الحق کے مطابق مکمل ضابطوں کے ساتھ ہی ٹک ٹاک سے پابندی ہٹائی جائے گی۔