کراچی علما کمیٹی کی جانب سے آج ملک گیر پرامن ہڑتال

کراچی: شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان کی قاتلانہ حملے میں شہادت کے خلاف(آج) 16 اکتوبر جمعہ کو ملک گیر مکمل پرامن پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔

کراچی علما کمیٹی کے رہنما و اہلسنت و الجماعت کے صدر مولانا اورنگزیب فاروقی نے پریس کانفرنس میں کراچی علما کمیٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان کی قاتلانہ حملے میں شہادت کے خلاف(آج) 16 اکتوبر جمعہ کو ملک گیر مکمل پرامن پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بعد نماز جمعہ کراچی سمیت ملک بھر مولانا ڈاکٹر عادل خان شہید کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے مظاہرے ہوں گے، علما کمیٹی نے تاجروں، ٹرانسپورٹرز، عوام سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پر امن ہڑتال کو کامیاب بنائیں، اپنا کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رکھیں۔
اس موقع پر علما کمیٹی کے قائم مقام سربراہ مولانا اقبال اللہ ، قاری اللہ داد، مولانا حماد مدنی مولانا تاج حنفی، مولانا رب نواز حنفی و دیگر علمابھی موجود تھے،انھوں نے کہا کہ شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قتل میں ملزمان کی عدم گرفتاری حکومت کے لیے سوالیہ نشان ہے،پرامن احتجاج ہمارا آئینی حق ہے، ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے اہم سیاسی،دینی جماعتوں،کاروباری و ٹرانسپورٹرز تنظیموں اور علما نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

علاوہ ازیں اتحاد تنظیمات مدارس کے قائدین نے علما کمیٹی کراچی کی جانب سے ہڑتال کی کال کی حمایت کا اعلان کر دیا، مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،مولانا مفتی منیب الرحمن، علامہ ساجد میر، مولانا عبدالمالک، مولانا محمد حنیف جالندھری، مولانا عبدالمصطفی ہزاروی، مولانا ڈاکٹر یاسین ظفر اور مولانا ڈاکٹر عطاالرحمن نے مشترکہ بیان میں کہاکہ مولانا ڈاکٹر عادل اتحاد تنظیمات مدارس کا مشترکہ اثاثہ تھے۔ مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

دریں اثنا وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے، مولانا انوار الحق حقانی، مولانا قاضی عبدالرشید، مولانا قاری عبدالرشید،مفتی مطیع اللہ اور دیگر نے کہا کہ مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری حکومت کے لیے سوالیہ نشان ہے۔

جماعت غربا اہلحدیث پاکستان کے علما نے مولاناڈاکٹرعادل کی شہادت پر دینی جماعتوں کے پر امن احتجاج ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے، امیرجماعت غربااہلحدیث پاکستان مولاناعبدالرحمن سلفی نے دیگر نے مشترکہ بیان میں مولاناعادل کی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت کواسلام اورملک کیخلاف گہری سازش قرار دیا۔