نواز شریف کے خلاف مقدمے سے حکومت،وزیر اعظم کا کوئی لینا دینا نہیں، وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خلاف کسی ایف آئی آر سے حکومت یا وزیر اعظم کا کوئی لینا دینا نہیں ہے اور ہم نے کوئی غداری کے سرٹیفکیٹ نہیں دیے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ معاشی اعشاریے اچھے جارہے ہیں، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارےمیں بہتری آئی ہے اور جاری اخراجات کا خسارہ مسلسل 2 ماہ سے کنٹرول میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی سامایہ کاری بھی قابل اطمینان ہے، ہماری خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ بیرونی سرمایہ کار آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں روز مرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا، بارشوں کی وجہ سے فصلوں کو نقصان پہنچا اور قیمتوں میں اضافہ ہوا، بارشوں سے کپاس کی پیداوار بھی متاثر ہوئی اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث کپاس کی پیداوار کے اہداف پورے نہیں کر سکیں گے

شبلی فراز نے کہا کہ مہنگائی کے علاوہ تمام اشاریے مثبت جانے جارہے ہیں، گندم اور چینی کے ذخائر ہماری ضرورت کے مطابق ہیں لیکن حکومت سندھ گندم ریلیز نہیں کر رہی جو قیمتوں میں اضافے کی وجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں پی آئی اے کے معاملات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، پی آئی اے میں بہت مسائل ہیں تاہم کورونا کے دوران قومی ایئر لائن کا ریونیو 7.8 ارب روپے بڑھا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز محمد زبیر نے کہا کہ جب تک حکومت نہیں گرتی (ن) لیگ کی ترجمانی کروں گا، میں انہیں پارٹی کا تاحیات ترجمان بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ دشمن پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے، بھارت کی بھرپور کوشش ہے کہ وہ ہمیں بلیک لسٹ میں لے جائے لیکن عمران خان کرپشن نہ کرتا ہے نہ ہی کسی کو کرنے دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپوزیشن سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہم اپنے کام کر رہے ہیں، ہم اداروں کو آگے لے جارہے ہیں اور ملک کی خوشحالی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

نواز شریف اور دیگر لیگی رہنماؤں کے خلاف بغاوت کے مقدمے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ جس نے بھی کیا ہے پتہ چل جائے گا لیکن اسے ہمارے کھاتے میں نہ ڈالا جائے، ہوسکتا ہے کہ نواز شریف کے خلاف ایف آئی آر ان کے اپنے لوگوں نے درج کرائی ہو لیکن ایسی کسی ایف آئی آر سے حکومت یا وزیر اعظم کا کوئی لینا دینا نہیں ہے اور ہم نے کوئی غداری کے سرٹیفکیٹ نہیں دیے۔

شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں کتنی ہی ایف آئی آرز ہوتی ہیں، کیا وہ سب وزیر اعظم سے پوچھ کر ہوتی ہیں؟ پنجاب حکومت معلوم کرے کہ مقدمہ درج کس نے کروایا ہے تاہم دشمن کی زبان بولیں گے تو کہنے کی ضرورت نہیں کہ کون محب وطن ہے، جبکہ انصاف عہدوں کو دیکھ کر نہیں ہوتا اور کوئی کتنی بار بھی وزیر اعظم بنا ہو جرم کرے گا تو سزا ہوگی۔