شہباز شریف کی گرفتاری حکومت کی بزدلی کا ثبوت ہے، شاہد خاقان عباسی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئرنائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری حکومت کی بزدلی کا ثبوت ہے۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے فیصلے ہوئے ہیں اور آئندہ جو فیصلے ہوں گے ان پر مسلم لیگ (ن) کے کردار پر بات کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہیں اور آج اس کا عزم ہے کہ بگڑتی ہوئی صورت حال اور ملک میں موجود آمریت کا مقابلہ کرنا ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹیو کے اجلاس سے سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی خطاب کیا اور حکومت کے خلاف سخت احتجاج پر زور دیا‎

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج ملک میں جمہوریت کے لیے جگہ تنگ کی جارہی ہے، میڈیا کو دبایا جارہاہے، انسانی حقوق کو صلب کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں آزادی بڑھ رہی ہے لیکن پاکستان میں کم ہورہی ہے، دنیا ترقی کررہی ہے اور پاکستان زوال پذیر ہے، یہ ایسے معاملات ہیں جس پر اپوزیشن خاموش نہیں رہ سکتی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے فیصلے کے مطابق کوئٹہ میں پہلا جلسہ ہوگا اور اس کے بعد مزید جلسے، ریلیاں، احتجاج اور لانگ مارچ ہوگا اور پوری امید ہے کہ پاکستان کے عوام باہر نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کل سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا اور مسلم لیگ (ن) کے ان فیصلوں کی توثیق ہوجائے گی اور پی ڈی ایم کے بڑے ستون کی حیثیت سے مسلم لیگ (ن) اپنا کردار ادا کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ظلم کبھی قائم نہیں رہ سکتا، شہباز شریف صاحب گرفتار ہوگئے لیکن ان کی گرفتاری حکومت کی کمزوری، بزدلی اور اس وزیراعظم کے ہتھکنڈوں کا ثبوت ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما نے کہا کہ نیب بتائیں کہ جب آپ نے ریفرنس دائر کیاہوا ہے تو پھر گرفتاری کس بنیاد پر کر رہے ہیں، اگر چیئرمین نیب غیرجانب دار ہیں تو پھر بتائیں کہ شہباز شریف کے ضمانت کے وارنٹ پر دستخط کیوں کیے۔

انہوں نے کہا کہ جب ٹرائل ہورہا ہے اور ریفرنس دائر ہوچکا ہے تو گرفتاری کا کیا جواز بنتا ہے، یہ جمہوریت اور اپوزیشن کو دبانے کی کوشش ہے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا اپنا ڈھانچہ ہے جو اس ہفتے کے آخر تک حتمی شکل اختیار کرجائے گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف نے جوباتیں کی ہیں وہ تاریخ کا حصہ ہیں۔