ملک میں احتساب ہوتا تو شہباز شریف نہیں، معاون خصوصی گرفتار ہوتے، مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پارٹی کے صدر شہباز شریف کی نیب کی جانب سے گرفتاری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ملک میں احتساب اور انصاف ہوتا تو شہباز شریف نہیں بلکہ معاون خصوصی کو گرفتار کیا جاتا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا صرف یہ قصور ہے کہ اس نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا، اس نے جیل جانے کو ترجیح دی مگر اپنے بھائی کو ساتھ کھڑا رہا۔

مریم نواز نے کہا کہ اگر اس ملک میں احتساب اور انصاف ہوتا تو شہباز شریف نہیں، عاصم سلیم باجوہ اور اس کا خاندان گرفتار ہوتا۔

تحریر جاری ہے‎

ان کا کہنا تھا کہ یہ انتقامی احتساب نواز شریف اور اس کے ساتھیوں کا حوصلہ پست نہیں کر سکتے، اب وہ وقت دور نہیں جب اس حکومت اور ان کو لانے والوں کا احتساب عوام کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ شہباز شریف کو گرفتار کر کے بھی اپنے جھوٹے اور جعلی مینڈیٹ کو نہیں بچا سکیں گے، شہباز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے وفد نے اے پی سی میں جو بھی فیصلے کیے، مسلم لیگ (ن) کا ہر کارکن ان وعدوں پر ثابت قدم رہے گا۔ انشاءاللّہ! آج ہم سب شہباز شریف ہیں!۔