ڈاکٹر عبدالقدیر کو مکمل سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا جائے گا

اسلام آباد: ڈاکٹر عبدالقدیر کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ فیصل مسجد میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر قدیر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بیان جاری کیا کہ پاکستانی عوام کے لئے ڈاکٹر قدیر قومی ہیرو تھے، ملک کو ایٹمی ریاست بنانے پر قوم ان سے محبت کرتی ہے، انہوں نے ہمیں ایک جارح ایٹمی پڑوسی سے تحفظ فراہم کیا، ڈاکٹر قدیر کو ان کی خواہش کے مطابق فیصل مسجد میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر قدیر کے اہل خانہ ایچ ایٹ قبرستان میں تدفین چاہتے ہیں، لیکن مرحوم کی خواہش تھی کہ ان کی نماز جنازہ فیصل مسجد میں پڑھائی جائے اور فیصل مسجد کے احاطے میں تدفین ہوا، ان کی خواہش کو مد نظر رکھتے ہوئے محسن پاکستان کی نماز جنازہ دوپہر 3 بجے فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی جائے گی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے وائس چانسلر نماز جنازہ پڑھائیں گے، جب کہ تدفین کا فیصلہ کچھ دیر بعد کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں ہنگامی اجلاس بلایا، جس میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ کے انتظامات کوحتمی شکل دی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرقدیرکی نمازجنازہ فیصل مسجد میں ادا کی جائےگی، اور پورےاعزازکےساتھ محسن پاکستان کو رخصت کیاجائےگا، جب کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ تمام وزرا ڈاکٹر قدیر کے جنازے میں شرکت کریں۔