ٹی ٹی پی کے گروہوں میں ایسے لوگ ہیں جو وفا کا عہد نبھانا چاہتے ہیں: فواد

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ کالعدم ٹی ٹی پی کے گروہوں میں ایسے لوگ ہیں جو وفا کا عہد نبھانا چاہتے ہیں۔

ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم کے بیان کو لے کر کافی گفتگو ہورہی ہے، ریاست پاکستان ایک آگ اور خون کے دریا سے ہوکر نکلی ہے اور ہم نے ہزاروں لوگوں کی قربانیاں دی ہیں، ان قربانیوں کے نتیجے میں ہم نے القاعدہ جیسی دہشتگرد تنظیموں کو شکست دی، قربانیوں کے نتیجے میں بھارت کی ریشہ دوانیوں کو مکمل طور پر ختم کیا۔

انہوں نے کہا کہ الحمداللہ پاکستان پہلے سے زیادہ مضوط و پرعزم کھڑا ہے، ریاست کی پالیسیاں ایک مخصوص پس منظر میں بنتی ہیں، جو پاکستان سے وفاداری کا عہد نہیں نبھا سکے وہ یہ عہد نبھانے واپس آنا چاہتے ہیں۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں 3 ہزار سے زیادہ ناراض لوگ واپس آچکے ہیں اور بلوچستان کے یہ ناراض لوگ بھارت کی ریشہ دوانیوں کا شکار ہوئے جب کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے گروہوں میں ایسے لوگ ہیں جو وفا کا عہد نبھانا چاہتے ہیں، یہ لوگ صلح جو ،امن پسند اور آئین کو مان کر آگے چلنے کا پیمان کرنا چاہتے ہیں، ایسے لوگوں کو یہ موقع دینا چاہیے کہ وہ زندگی کے دھارے میں واپس آسکیں، وزیراعظم نے جو اصول وضع کیے ان کے اوپر آگے بڑھنا چاہتےہیں۔