ملک میں کورونا کی شدت میں واضح کمی ،شرح 3 فیصد سے بھی کم ہوگئی

پاکستان میں عالمی وبا کورونا کی چوتھی لہر کی شدت میں واضح کمی آگئی ہے جس کے پیش نظر مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد سے بھی کم ہوکر 2.8 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی سرکاری ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 49 ہزار 49 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1411 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 56 افراد انتقال کر گئے۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے 3 ہزار 649 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 27 ہزار 785ہو گئی اور مجموعی کیسز 12 لاکھ 46 ہزار 538 تک جا پہنچے ہیں۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1024 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 11 لاکھ 70 ہزار 590 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 48163 ہے۔