طویل ہوائی سفر میں تھکاوٹ، عمر شریف کو جرمنی کے اسپتال میں داخل کر دیا گیا

طویل ہوائی سفر میں تھکاوٹ کی وجہ سے عمر شریف کو جرمنی کے اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔ علاج کے لیے امریکا روانہ کیے گئے معروف پاکستانی اداکار عمر شریف کو جرمنی میں مزید طبی معائنے اور ریسٹ کے لیے اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ امریکا میں ان کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق کراچی سے ایمبولینس میں روانگی کے بعد سوا سات گھنٹے کے مسلسل ہوائی سفر کے دوران عمر شریف کو تھکاوٹ اور ہلکا بخار ہو گیا تھا۔

ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق کمپنی سے رابطے کے بعد انہیں رات کے لیے نیورمبرگ کے اسپتال میں قیام کرایا گیا ہے ،جہاں کامیڈین عمر شریف کا میڈیکل چیک اپ اور تازہ ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق تمام انتظامات ایمبولینس کمپنی کر رہی ہے۔

ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق ائیر ایمبولینس عمر شریف کو لے کر جرمنی سے بدھ کی صبح آئس لینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔ ڈاکٹر طارق کے مطابق عمر شریف کی صحت ٹھیک ہے۔ یاد رہے کہ منگل کو اداکار عمر شریف کو علاج کے لیے ائیر ایمبولینس کے ذریعے امریکا روانہ کر دیا گیا تھا۔