بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی سےجڑی ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی سےجڑی ہے۔ اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ملاقات کی جس میں بلوچستان کی دیرپا ترقی، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)، وفاقی اورصوبائی ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے آرمی چیف کو صوبے میں حکومت کے ترقیاتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھاکہ صوبے میں بہت سے ترقیاتی منصوبے تکمیل کے قریب ہیں، سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کے باعث ترقیاتی منصوبوں پرکام جاری ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھاکہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی سےجڑی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ سکیورٹی اداروں نے امن و امان کی بحالی کیلئے بہت قربانیاں دیں، امن و امان کے قیام سے ہی ترقی ہوتی ہے۔