وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کاٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے متحدہ عرب امارات کے ان کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے بدھ کو ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین کثیرالجہتی دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں تعاون کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ نے اماراتی ہم منصب کو دبئی میں منعقد ہونے والے ایکسپو 2020 کے بہترین انتظامات پر مبارکباد دی اور ایکسپو کی شاندار کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے اہم علاقائی و باہمی دلچسپی کے امور بشمول افغانستان کی صورتحال پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔