پیپلزپارٹی دوستوں پر نہیں اب جیالوں پر بھروسہ کرے گی،بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ان کی جماعت دوستوں پر نہیں اب جیالوں پو بھروسہ کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا لیکن کچھ دوستوں نے کہا کہ لانگ مارچ استعفے کے بغیر نہیں ہوسکتا۔ ہم اپنے دوستوں سے مطالبہ کریں گےکہ عثمان بزدار اور عمران خان کیخلاف عدم اعتماد لے کرآئیں۔

بلاول نے کہا دوست جس بات پر پیپلزپارٹی سے الگ ہوئے وہ ہی اپنے ووٹ کا استعمال کریں اور استعفیٰ دے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اقلیت کی حکومت ہے اکثریت کی نہیں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعظم نے ملک کے ہر شہری کو تکلیف پہنچائی ہے۔ ہماری اور عمران خان کی معاشی پالیسی میں واضح فرق ہے۔  ہم نے مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے تنخواہ دار طبقے کی تنخواہوں میں بھی 120 فیصد اضافہ کیا۔

ہمارے دور حکومت میں پوری دنیا میں معاشی بحران تھا۔ لیکن پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے دوران عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا۔ پیپلزپارٹی نے مہنگائی کےد وران تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا تھا۔

وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریاں اور50لاکھ گھردینے کاوعدہ کیا تھا۔ روزگار دینے کے بجائے لوگوں سے روزگار چھین لیا گیا۔انہوں نے گھر بنانے کے بجائے لوگوں سے ان کی چھت چھین لی۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق عمران خان کے دور میں سب سے زیادہ کرپشن ہو رہی ہے۔ آج ملک بے روزگاری اور مہنگائی بڑھتی جارہی ہے۔

پیپلزپارٹی نے عوام سے کیے تمام وعدے پورے کیے تھے۔ لیکن آج عوام مشکل میں ہیں، دواؤں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ ملک میں غربت بڑھ رہی ہے اور تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہو رہا۔

پیپلزپارٹی نے ہرصوبے کو اختیارات دیئے۔ آج پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے عوام رو رہے ہیں۔