ملک میں کورونا کے وار جاری، مزید 83 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 83 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 3902 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 60 ہزار 537 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3 ہزار 902 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 83 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح تقریباً ساڑھے 6 فیصد رہی۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 26 ہزار 413ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 11 لاکھ 90 ہزار 136 تک جاپہنچے ہیں۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4387 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 10 لاکھ 71 ہزار 976 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 91747 ہے۔