پاکستان میں کورونا سے مزید 101 اموات، 3559 نئے کیسز بھی رپورٹ

پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے مزید 101 افراد انتقال کر گئے اور 3559 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 53 ہزار 637 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3559 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 101 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.63 فیصد رہی۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 25 ہزار 889 ہو گئی اور مجموعی کیسز 11 لاکھ 63 ہزار 688 تک جاپہنچے ہیں۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4140 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 10 لاکھ 43 ہزار 898 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 93901 ہے۔