افغانستان سے انخلا، 30 ہزار فٹ کی بلندی پر خاتون کے ہاں بچی کی ولادت

افغانستان سے شہریوں کو برطانیہ لے جانے والی ترکش ائیر لائن میں خاتون نے 30 ہزار فٹ کی بلندی پر بچی کو جنم دے دیا۔ ترکش ائیرلائن کے مطابق افغانستان سے شہریوں کے انخلا کے لیے استعمال ہونے والی پرواز مسافروں کو برمنگھم لے کر جا رہی تھی کہ اسی دوران 26 سالہ حاملہ خاتون سومان نوری کی طبیعت خراب ہو گئی۔

پرواز میں ڈاکٹر اور طبی عملہ موجود نہ ہونے کے سبب جہاز کے عملے نے ہی بچی کی پیدائش میں مدد کی۔ ترکش ائیرلائن کے مطابق ماں سومان نوری اور ان کی نومولود بیٹی خیریت سے ہیں۔ ائیرلائن نے بتایا کہ طیارے کو احتیاطی طور پر کویت میں اتارا گیا تھا تاہم خاتون اور بچی کے خیریت سے ہونے پر طیارہ دوبارہ برمنگھم کی جانب روانہ کر دیا گیا۔

کابل پر طالبان کے کنٹرول کے بعد خاتون اپنے شوہر اور دو بیٹوں کے ہمراہ افغانستان سے برمنگھم جارہی تھیں۔ خیال رہے اس سے قبل بھی انخلا کے دوران امریکی طیارے میں افغان خاتون نے جرمنی کی ائیربیس پر ایک بچی کو جنم دیا تھا۔