بھارتی فضائیہ کا ایک اور جنگی طیارہ راجستھان میں گرکر تباہ

بھارتی فضائیہ کا مگ 21 طیارہ ریاست راجستھان کے علاقے باڑمیر میں گر کر تباہ ہوگیا۔

میڈیا کے مطابق مگ 21 طیارہ تربیتی پرواز پر تھا کہ ٹیک آف کے بعد تکنیکی خرابی ہوئی اور جنگی جہاز باڑمیر کے گاؤں میں گرکر تباہ ہوگیا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مگ 21 طیارہ گاؤں بھرتیا میں جھونپڑیوں پر گرا جس سے جھونپڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ واقعہ بھارتی وقت کے مطابق شام ساڑھے 5 بجے پیش آیا اور حادثے سے قبل پائلٹ باحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا۔ بھارتی فضائیہ کے مطابق حادثے کی وجوہات کے تعین کیلئے کورٹ آف انکوائری تشکیل دے دی گئی ہے.

۔ رپورٹس کے مطابق رواں سال کے 8 ماہ کے دوران بھارتی فضائیہ کے مگ 21 طیاروں کے گر کر تباہ ہونے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ خیال رہے کہ بھارتی مگ طیاروں کو اُن کے اپنے وزرا اڑتے ہوئے کفن قرار دے چکے ہیں۔