مصباح کو کورونا ہوگیا، جمیکا سے وطن واپسی رک گئی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا جمیکا میں کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق کورونا مثبت آنے کے بعد مصباح الحق اب 10 روز تک جمیکا میں قرنطینہ کریں گے جس کے بعد انہیں وطن واپسی کی اجازت ہوگی۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ جمیکا میں موجود قومی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کی وطن واپسی سے قبل دو مرتبہ کورونا ٹیسٹنگ کی گئی اور ان ٹیسٹنگ کے نتائج میں صرف مصباح الحق ہی وہ واحد رکن ہیں جن کے دونوں ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی۔

بورڈ کے مطابق ٹیسٹ مثبت ہونے کے باوجود مصباح الحق میں کورونا کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی بی کرکٹ ویسٹ انڈیز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ پی سی بی کے مطابق میزبان بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ مصباح الحق کو 10 روزہ قرنطینہ کیلئے جلد دوسرے ہوٹل منتقل کردیا جائے گا جہاں میڈیکل اسپیشلسٹ ان کی دیکھ بھال کرنے کیلئے موجود ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔