وزیراعظم عمران خان آج کراچی کا دورہ کریں گے، مالی پیکج کا اعلان متوقع

وزیراعظم عمران خان آج ملک سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی کا اہم دورہ کریں گے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم متوقع طور پر شہر کے مسائل دور کرنے اور درکار ترقی کے لیے ٹرانفارمیشن پلان پر عملدرآمد کے لیے ایک مالی پیکج کا اعلان کریں گے۔

وزیراعظم کے دورے کے حوالے سے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کراچی کی رونقیں اور بطور صنعتی شہر حقیقی شناخت بحال کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس کے مسائل ہمارے مسائل ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ کراچی کے عوام کوسندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑسکتے جنہوں نے 12 سالہ طویل اقتدار میں شہر قائد کو تباہ کیا۔

اس سلسلے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے ٹوئٹ میں بتایا کہ آج کراچی کے لیے ایک بڑا دن اور ایک نئے دور کا آغاز ہے، وزیراعظم کراچی کو اس کی خوبصورتی، روشنیاں اور وقار لوٹانے کا اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تھا وزیراعظم آج شہر کو اس مافیا سے نجات دلانے جارہے ہیں جس نے کراچی کی قسمت میں گندا پانی، کچرا، قبضہ مافیا اور بدترین ٹرانسپورٹ کا نظام لکھ رکھا ہے۔

وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ میری حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر فوری طور پر کراچی کے 3 بڑے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے

ان میں شہر بھر کے نالوں کی مکمل صفائی، آبی گزرگاہوں کی راہ میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات سے نمٹنا، کوڑا کرکٹ اور نکاسی آب کے مسائل کا مستقل حل تلاش کرنا اور کراچی کے عوام کو پانی کی فراہمی جیسے بنیادی اور اہم ترین مسئلے کا حل شامل ہے۔

کراچی ٹرانسفارمیشن پلان
واضح رہے کہ جمعرات کے روز ایک اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا جائزہ لیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ واٹر سپلائی سکیم، سیوریج ٹریٹمنٹ اینڈ ڈسپوزل، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے متعلق اختیارات ایک بااختیار ایڈمنسٹریٹر اور لوکل گورنمنٹ کو تفویض کیے جائیں۔

وزیراعظم نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا تھا کہ بدقسمتی سے کسی نے بھی کراچی کے شہریوں کو درپیش مسائل کا خیال نہیں کیا، حالیہ شدید بارشوں نے نہ صرف انتظامی مسائل کو اجاگر کیا بلکہ متعدد مسائل بھی پیدا کیے۔