وزیراعظم کا کشمیر میں ریفرنڈم کا بیان، شہباز شریف کے بعد بلاول نے بھی مخالفت کردی

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی کشمیر میں ریفرنڈم سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے مؤقف کی مخالفت کردی۔

میڈیا سے گفتگو میں بلاول کا کہنا تھاکہ عمران خان جب بھی منہ کھولتے ہیں کشمیر کے بارے میں غلطی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کشمیر کے عوام کو بیوقوف اور بکنے والا سمجھتے ہیں، پہلے دن سے پیپلزپارٹی کا مؤقف یہی ہے کہ کشمیری عوام اپنی قسمت کا فیصلہ خودکریں۔ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے الیکشن پر پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ منصفانہ الیکشن ہوں تو آزاد کشمیرمیں پیپلزپارٹی ہی جیتے گی، جیالوں نے پہلے بھی دھاندلی کا مقابلہ کیا اب بھی کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی انتخابی مہم میں تراڑ کھل میں وزیراعظم عمران خان کا جلسے سے خطاب میں کہنا تھاکہ اقوام متحدہ نے کشمیر کے لوگوں کو مستقبل کا فیصلہ کرنےکا حق دیا تھا، میرا ایمان ہےکشمیرکےلوگوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن آئے گا اور ریفرنڈم ہوگا اور آپ فیصلہ کریں گے کہ ہندوستان نہیں پاکستان کے ساتھ جانا چاہتے ہیں، اس کے بعد میری حکومت ایک اورریفرنڈم کرائے گی جس میں کشمیر کے لوگوں سے پوچھیں گےکہ پاکستان کےساتھ رہناچاہتے ہویا آزاد رہنا چاہتے ہو؟

وزیراعظم عمران خان کے بیان پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت تنقید کی ہے اور اسے پاکستان کے دیرینہ مؤقف سے انحراف قرار دیا۔