مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی بنانے کا فیصلہ

حکومت سندھ نے مشیر ماحولیات مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر تعیناتی کی صوبائی کابینہ کے کئی اراکین نے مخالفت کی تھی تاہم وزیراعلیٰ سندھ کی تجویز پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی امریکا سے وطن واپسی پر مرتضیٰ وہاب کا بطور ایڈمنسٹریٹر نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ وزیراعلی سندھ کی امریکا سے وطن واپسی اگلے ہفتے متوقع ہے۔ یاد رہے کہ مرتضیٰ وہاب 2018 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سے ہار گئے تھے۔