بلاول کی گھٹیا باتوں کا جواب دینا نہیں چاہتا: شاہد خاقان

مسلم لیگ ن کے سینئر ر ہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ بلاول پارٹی چیئرمین ہیں انھیں گری ہوئی نہیں بلکہ سلجھی ہوئی باتیں کرنی چاہئیں۔ اپنے ایک بیان میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بلاول کی گھٹیا باتوں کا جواب دینا نہیں چاہتا، بلاول بھٹو کو پی ڈی ایم سے نکالے جانے کا غصہ ہے اس لیے وہ اس طرح کی باتیں کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بلاول نے پی ڈی ایم کی پیٹھ میں چھراگھونپا تھا، ہم نے کسی سے مفاہمت نہیں کرنی، شہباز شریف نے محاورتاً کہا تھا کہ پاؤں پکڑنے کو تیار ہیں، اصولوں پر ڈیل کرکے حکومت کو ہٹانا نہیں چاہتے۔ شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری کا ڈومیسائل مضبوط ہے، انھوں نے کم پیشیاں بھگتی ہیں جبکہ نواز شریف نے کمزور ڈومیسائل کے ساتھ زیادہ پیشیاں بھگتی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن لیگ کی قیادت پر لفظی گولہ باری کرتے ہوئے کہا تھا کہ آر یا پار کرنے والے پاؤں پکڑنے کی سیاست تک آ گئے ہیں۔