سندھ تیزی سے قحط سالی کی طرف بڑھ رہا ہے، صوبائی وزیر نے خبردار کردیا
صوبہ سندھ کے وزیر برائے آبپاشی سہیل انور سیال نے صوبے میں قحط سالی کا خطرہ ظاہر کردیا۔ کرچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل انور سیال کا کہنا تھاکہ سندھ میں پانی کےذخائر صرف 10 دن کے رہ گئے اور محکمہ موسمیات نے بھی سندھ کے 10 اضلاع میں خشک سالی سے بڑے نقصان کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارشیں نہ ہوئیں تو زراعت اور انسانی ضرورت کیلئے بھی پانی نہیں مل سکے گا، پانی کی شدید قلت سےکراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع متاثر ہوں گے۔
صوبائی وزیر نے پانی کی قلت کا ذمہ دار ارسا کو ٹھہرایا اور تحریک انصاف کی حکومت کو متنبہ کیا کہ وہ نفرتیں پھیلانے سے باز رہے۔ سہیل انور سیال نے بلوچستان حکومت کے بیان کے ردعمل میں کہا ہے کہ سندھ کے پاس پانی نہیں ہوگا تو بلوچستان کو پانی کیسے دیں گے؟ وفاق کی نااہلی کی سزا سندھ اور بلوچستان بھگت رہے ہیں۔