عمران خان معاشی بربادی کی داستانیں چھوڑ کر باہر چلے جائیں گے، بلاول کا دعویٰ

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان معاشی بربادی کی داستانیں چھوڑ کر سابق وزیراعظم شوکت عزیز اور سابق صدر پرویز مشرف کی طرح باہر چلے جائیں گے۔ اپنے بیان میں بلاول کا کہنا تھاکہ جب پوری دنیا میں معاشی بحران آیا تھا، اس وقت بھی ملکی معیشت کا اتنا برا حال نہیں تھا کہ جتنا اکیلے عمران خان نے کردیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے پرویزمشرف کے دور میں ہونے والی 50 فیصد شرح غربت کے ہدف کے تعاقب میں ملک کو تباہی کی جانب لے جارہے ہیں، اگر عمران خان کے بڑھتے قدموں کو نہ روکا گیا تو وہ گھر گھر معاشی بدحالی کی ایسی آگ لگادیں گے کہ جسے دہائیوں میں بجھایا نہ جاسکے گا۔

بلاول نے دعویٰ کیا کہ عمران خان اپنے پیچھے معاشی بربادی کی داستانیں چھوڑ کر شوکت عزیز اور پرویزمشرف کی طرح ملک سے باہر چلے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ بیرون ملک سے سخت شرائط پر بھاری قرضے وصول کرکے عمران خان کی کابینہ کرپشن میں ملکی خزانے کا پیسہ اڑارہی ہے، ان کا جرم صرف مہنگائی کرنا نہیں بلکہ مہنگائی کرنے والی مافیا کی سرپرستی کرنا بھی ہے۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ دوسروں پر الزامات لگانے والے عمران خان اپنے گریبان میں جھانکیں، انہیں اپنے معاشی جرائم پر عام آدمی سے معافی مانگنا ہوگی۔