شہباز شریف کے ضمانتی مچلکے جمع، کچھ ہی دیر میں رہائی متوقع

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے ضمانتی مچلکے جمع ہونے کے بعد کچھ ہی دیر میں ان کی رہائی متوقع ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے شہباز شریف کی ضمانت کے آرڈر جاری ہونے کے بعد ان کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے ضمانتی مچلکے احتساب عدالت نمبر 2 میں جمع کروائے، ملک سیف کھوکھر اور چوہدری محمد نواز شہباز شریف کے ضمانتی ہیں۔

عدالت شہباز شریف کی جانب سے جمع کروائے گئے مچلکوں کا جائزہ لیکر ان کی رہائی کی روبکار جاری کرے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 50، 50 لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔