رائے ونڈ اراضی تقریباً 30 سال پہلے تمام تقاضے پورے کرکے خریدی، نواز شریف

لندن: سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ رائے ونڈ اراضی تقریباً 30 سال پہلے خریدی گئی تھی اور خریداری کے تمام تقاضے پورے کیے گئے تھے۔

لندن میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کی حکومت ہر محاذ پر مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے ایسے کام کررہی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ چیف سیکرٹری پنجاب ،آئی جی پنجاب اور پوری ٹیم اس معاملے میں کسی کا آلہ کار نہیں بنیں گے اور قانون کا ساتھ دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں کہ پاکستان میں حالیہ سروے کے مطابق آپ سب سے زیادہ مقبول لیڈر ہیں پر انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اسی لیے تو ساری کارروائیاں ہو رہی ہیں، اللہ کا کرم ہے کہ عوام ان سے ابھی بھی محبت کرتے ہیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں معیشت تباہ ہو نہیں رہی بلکہ تباہ ہو چکی ہے،ملک ابتری کی طرف جا رہا ہے، کیا یہ وہ تبدیلی تھی جو عمران خان عوام کو بتاتے رہے ہیں؟